ادارہ بتول

پون صدی کی درخشندہ روایت

ادارہ بتول

پون صدی کی درخشندہ روایت

ریڈیو نورستان – نور نومبر ۲۰۲۰

ٹک ۔ٹک۔ٹک۔ السلام علیکم ۔ میٹر بینڈ ۷۸۶ پر ہم ریڈیو نورستان سے بول رہے ہیں ۔ صبح کے چھ بجا چاہتے ہیں ۔ آئیے اپنی آج کی مجلس کا آغاز اللہ کے پاک نام سے کرتے ہیں ۔ تلاوت و ترجمہ کے لیے تشریف لاتے ہیں قاری عبد الرحمن ۔

بسم اللہ الرحمن الرحیم

قُلْ اِنَّمَآ اَنَا بَشَرٌمِّثْلُکُمْ یُوْ حٰٓی اِلَیَّ اَنَّمَآ اِلٰھُکُمْ اِلٰہٌ وَّاحِدٌج فَمَنْ کَا نَ یَرْجُوْ ا لِقَآئَ رَبِّہٖ فَلْیَعْمَلْ عَمَلًا صَا لِحًا وَّ لَا یُشْرِکْ بِعِبَا دَۃِ رَبِّہٖٓ اَحَدًا۔
ترجمہ: ( اے نبیؐ) کہہ دیجیے ، میں تو بس تمھاری ہی طرح بشر ہوں ۔ میری طرف وحی کی جاتی ہے کہ تمھارا الٰہ صرف ایک الٰہ ہے۔ پھر جو شخص کہ اپنے رب کی ملاقات کی امید رکھتا ہو تو وہ عمل کرے ، نیک عمل اور اپنے رب کی عباد ت میں کسی کو بھی شریک نہ ٹھہرائے۔( الکہف۔۱۱۰)

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے ۔ اب آپ عبد اللہ سے احادیث مبارکہ سنیئے۔
٭ حضرت جبیرؓ بن مطعم بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ؐ نے فرمایا کہ میرے کئی نام ہیں ۔ میں محمد ہوں اور میں احمد ہوںاور میں ماحی ہوں ( یعنی مٹا دینے والا ) اللہ میرے ذریعے کفر کو مٹا دے گا اور میں وہ حاشرہوں کہ لوگوں کا حشر میرے (نقش ) قدم پر ہوگا اور میں وہ عاقب ہوں (یعنی بعد میں آنے والا ) کہ جس کے بعد کوئی (نبی ) نہیں آئے گا ۔ اور ( اس حدیث کے راوی یہ بھی بیان کرتے ہیں کہ ) اللہ تعالیٰ نے حضور ؐ کا نام رئوف اور رحیم ( بھی ) رکھا ( یعنی بہت شفقت کرنے والے اور بہت مہر بانی کرنے والے )مسلم۔
٭ حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے کبھی بھی نہ عنبر نہ مشک اور نہ کوئی اور ( خوشبو دار) شے ایسی سونگھی جو رسول ؐ اللہ (کے بدن مبارک) کی خوشبو سے زیادہ عمدہ ہو اور میں نے کبھی بھی کوئی ایسی شے نہیں چھوئی ، چاہے وہ دیباچ ہو یا حریر ہو ، جو چھونے میں رسولؐ اللہ ( کی جلد مبارک ) سے زیادہ نرم ہو ۔(مسلم )

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نور ستان ہے ۔ صوفیہ غازی آپ کو ایک نعت سنا رہی ہیں ، جسے لکھا ہے نثار احمد خان نے۔ سماعت فرمائیں۔

نعت

کیا قصیدہ پڑھوں ان کا کہ وہ ہیں نبیوں کے نبیؐ
ان کی توصیف کروں کیا کہ وہ رسولوں کے رسولؐ
لائے جبرئیلؐ فرشتوں کی حفاظت میں کتاب
نفس و شیطاں کا نہیں جس میں ہوا کوئی دخول
کر سکا کوہِ گراں بھی نہ تحمل جس کا
آپؐ کے قلب مبارک پہ ہوا اس کا نزول
آپؐ سے پہلے کے ادیان کی حالت یہ ہے
ہیں کتابیں جو محرف تو شریعت مجمول
آپؐ کا دین ہی وہ دینِ مبیں ہے جس میں
سب ہے محفوظ کتاب ہو کہ شریعت کے اصول
اب نبی کوئی نہ آئے گا ہدایت کے لیے
بس اسی ذات سے اب ہوگا ہدایت کا حصول
ہو گئی ختم نبوت ، یہ یقین ہے میرا
ہر طرح کا مل و اکمل ہیں رسولِ مقبولؐ

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے ۔ صدف عامر آپ کو ایک بڑی پیاری بات بتانا چاہ رہی ہیں ۔ آئیے سنتے ہیں وہ کیا کہہ رہی ہیں۔

نبی کریم ؐ کا حلیہ مبارک
حضرت علی ؓ جب نبی کریم ؐ کے اوصاف( خوبیاں ) بیان کرتے تو فرماتے تھے کہ آپ ؐ نہ بہت لمبے تھے نہ بہت پست قد تھے بلکہ میانہ قد تھے ۔ آپؐ کے بال ( مبارک) نہ بہت گھنگھریالے تھے اور نہ بالکل سیدھے بلکہ تھوڑے تھوڑے گھنگریالے تھے اور آپ ؐ بہت فربہ بھی نہیں تھے اور نہ بہت زیادہ کمزور تھے ۔ آپ ؐ کا چہرہ مبارک بالکل گول نہ تھا بلکہ چہرے میں قدرے گولائی تھی۔ رنگ سرخ و سفید، آنکھیں مبارک سیاہ ، پلکیں لمبی ، جوڑ بڑے اور شانہ مبارک چوڑا تھا اور دونوں شانوں کے درمیان گوشت تھا ۔ آپؐ کے بدن مبارک پر بال نہیں تھے ، بس سینہ سے ناف تک بالوں کی ایک لکیرسی تھی ، ہتھیلیاں اور تلوے بھرے بھرے تھے ، جب چلتے تو پیر مبارک زمین پر گاڑ کر چلتے ، گویا کہ نیچے اتر رہے ہوں اور اگر کسی کی طرف دیکھتے تو پورے گھوم کر دیکھتے ، آنکھیں پھیر کر نہیں دیکھتے تھے۔
آپؐ کے شانوں کے درمیان مہر نبوت تھی، وہ خاتم النبین ؐ اور سب سے اچھے سینے والے (حسد سے پاک)،سب سے بہترین لہجے والے ، سب سے نرم طبیعت والے اور بہترین معاشرت والے تھے ۔ جو اچانک آپؐ کو دیکھتا اس پر رعب طاری ہو جاتا اور جو آپؐ سے ملتا وہ محبت کرنے لگتا ۔ آپ ؐ کی تعریف کرنے والا کہتا ہے کہ میں نے آپ ؐ سے پہلے اور بعد آپؐ سا کوئی نہیں دیکھا ۔(ترمذی شریف)

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے ۔ عارفہ بتول آپ کو چند گر کی باتیں بتا رہی ہیں ۔ آئیے سنتے ہیں اور فائدہ اٹھاتے ہیں ۔

گُر کی بات
آپ کے بال گر رہے ہیں ۔ آپ پریشان ہیں کہ کہیں گنجے نہ ہو جائیں ۔ گھبرائیے مت ۔ بس نیم گرم سرسوں کے تیل میں ہم وزن ادرک کا پانی ملا کر بالوں میں لگائیں ۔ بال گرنا بند۔
ٹھہرئیے ! ٹھہرئیے! آپ کو کھانسی آ رہی ہے ؟ سیب کو کوٹ کر اس کا رس نکالیں اور اس میں شہد ملا کر پئیں ۔ کھانسی ختم۔
گلا دُکھ رہا ہے ؟ ٹانسل بڑھ گئے ہیں ؟ شہد میں ہلدی ملا کر ان پر لگائیں انشاء اللہ ٹھیک ہو جائیں گے۔

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے ۔ جنید ضیاء آپ کو ایک دلچسپ واقعہ سنا رہے ہیں ۔ آئیے سنتے ہیں۔

فتویٰ نہیں مدد
عمر بن ہبیرہ نہایت دولت مند اور سخی تھے ۔ ایک دن راستے میں ان کو ایک شخص نے روک لیا اور کہنے لگا ۔’’ اے عرب کے امیر ترین شخص! میں حج کا خواہش مند ہوں ۔‘‘ عمر بن ہبیرہ نے کہا:’’ پھر مکے کا راستہ پکڑو اور حج کے لیے مکہ پہنچ جائو۔‘‘ وہ کہنے لگا :’’ مگر میں چلنے سے عاجز ہوں ، تھک جاتا ہوں ۔‘‘ عمر بن ہبیرہ نے کہا :’’ کوئی بات نہیں ، ایک دن سفر کرو اور دوسرے دن آرام کرلیا کرو تاکہ تھکاوٹ نہ ہو ۔‘‘
وہ بولا:’’ میرے پاس اتنی رقم نہیں کہ میں اس سے سواری خرید سکوں یا کرایہ پر لے سکوں۔‘‘
فرمایا:’’ چوں کہ تم محتاج اور فقیر آدمی ہو، اس لیے تم سے حج ساقط ہے ، حج تو صاحبِ استطاعت پر فرض ہے ۔‘‘
وہ کہنے لگا :’’ اے امیر ! میں آپ سے مدد طلب کرنے آیا ہوں ، فتویٰ لینے نہیں۔‘‘
محمد بن ہبیرہ بے اختیار مسکرا دیے اور اسے پانچ ہزاردرہم دینے کا حکم دیا۔

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے ۔ اب آپ محمد احمد نعمان سے خبریں سنیں۔
٭ کرونا وبا کے باعث ہونے والے تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تعلیمی ادارے ہفتہ کے روز بھی کھلے رہیں گے ۔ نیز اس سال موسم سرما کی تعطیلات بھی نہیں ہوں گی ۔ جب کہ آئندہ سال موسم گرما کی تعطیلات صرف ایک ماہ ِجولائی میں ہوں گی ۔
٭ملک میں ڈیمز کی کمی کے باعث گلیشئرز کا پانی سمندر میں گر کر ضائع ہونے لگا ، یکم اپریل 2020سے اب تک 75لاکھ ایکڑ فٹ پانی سمندر میں ضائع ہو چکا ہے ، ضائع ہونے والے پانی کی مقدار منگلا ڈیم سے بھی زیادہ ہے ۔ منگلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 73لاکھ ایکڑ فٹ ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ 10لاکھ ایکڑ فٹ پانی کی معاشی قدر 1ارب ڈالر سالانہ ہے ۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ رواں سال 1کروڑ 50لاکھ ایکڑ فٹ پانی سمندر کی نذر ہوگا۔
٭ڈیجیٹل کیمرے سے دنیا کی پہلی 32سومیگا پکسل تصاویر لینے کا ریکارڈ اسٹیفورڈ یونیورسٹی کی نیشنل ایکسلر یٹر لیبارٹری نے قائم کیا ہے ۔ چلی میں واقع ویرا سی روبن آبزرویٹری میں بہت بڑے ڈیجیٹل کیمراسنسر ایرے کی مدد سے یہ تصاویر لیکر عالمی ریکارڈ قائم کیا ۔ یہ تصاویر اب تک سب سے بڑی سنگل شاٹ تصاویر ہیں اور محققین کے مطابق یہ اتنی بڑی ہیں کہ ایک تصویر کو پورا دیکھنے کے لیے 378 فور کے الٹرا ایچ ڈی ٹیلیویژنز کی ضرورت ہو گی۔
تصویر کا ریزولوشن اتنا اچھا ہے کہ گولف کی ایک گیند جتنے حجم کی چیز کو بھی 15میل دور سے صاف دیکھا جا سکتاہے۔
خبریں ختم ہوئیں۔

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے ۔ اس دعا کے ساتھ ہماری آج کی مجلس اپنے اختتام کو پہنچتی ہے ۔ اللھم اجعلنی اعظم شکرک و اکثر ذکرک واتبع تصحیتک واحفظ و ھیتک ۔
اے اللہ ! مجھے ایسا کر دے کہ تیرا بڑا شکر کروں اور تیرا بہت ذکر کروں اور تیری نصیحتوں کو مانتا رہوں اور تیری نصیحتوں کو مانتا رہوں اور تیری ہدایتوں کو یاد رکھوں۔
پاکستان زندہ باد
نورستان پائندہ باد

٭…٭…٭

:شیئر کریں

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on linkedin
0 0 vote
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x