انصار عباسیایک بڑا آدمی ریٹائر ہوگیا - ...

ایک بڑا آدمی ریٹائر ہوگیا – بتول نومبر۲۰۲۰

کل ایک بڑا آدمی ریٹائر ہو گیا ہے۔ یہ بڑا آدمی نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی ہیں، جنہوں نے اپنے تین سالہ دور میں پاکستان نیوی میں ایسا انقلاب برپا کیا جو نہ صرف قابلِ تحسین بلکہ قابلِ تقلید بھی ہے۔ اِس بارے میں مَیں نے کئی ماہ پہلے ایک کالم بھی لکھا، جس کی کچھ تفصیل یہ ہے۔ ایڈمرل عباسی کی ہدایت پر پاک بحریہ اور بحریہ فائونڈیشن کے تحت چلنے والے تمام اسکولوں میں قرآن کو فہم کے ساتھ لازمی طور پر پڑھایا جا رہا ہے جس کے لیے پرانے اساتذہ کی تربیت کی گئی اور نئے استاد بھی بھرتی کئے گئے۔
اس کے ساتھ ساتھ بحریہ کے رہائشی علاقوں میں قرآن سنٹرز کھولے گئے ہیں جہاں بچوں، بڑوں اور بوڑھوں، سب کو قرآن حکیم کی فہم کے ساتھ تعلیم دی جاتی ہے اور اسلامی اقدار کے فروغ اور مغرب کی ذہنی غلامی سے چھٹکارے پر زور اور تربیت دی جاتی ہے۔ اسلامی لباس اور اسلامی شعائر کو اپنانے پر زور دیا جاتا ہے اور طلبہ کو بالخصوص علامہ اقبال کے فکری انقلاب سے روشناس کروایا جاتا ہے۔ بحریہ یونیورسٹی میں اسی سلسلہ میں اقبال چیئر کا بھی قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔
پاک بحریہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اب تک کوئی دو سو Religious Motivation Officersبھرتی کئے جا چکے ہیں۔ اِن افسران نے بہترین دینی اور دنیاوی تعلیم حاصل کی ہوئی ہے اور نیول اکیڈمی کے تربیت یافتہ ہیں۔ اِن Religious Motivation Officers کی ذمہ داری ہے کہ وہ نیول افسران اور ماتحت اہلکاروں کی اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کے حوالے سے حوصلہ افزائی کریں۔ اِن افسران کو نیوی کے جہازوں میں بھی افسران اور ماتحت اہلکاروں کی اسلامی اصولوں کے مطابق تعلیم و تربیت کے لیے بھیجا جاتا ہے۔ اِن افسران کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ خطبۂ جمعہ دیں اور دورِ حاضر کے ایشوز پر دسترس رکھتے ہوئے عوام کی اسلامی تعلیمات کی روشنی میں رہنمائی کریں۔
ریٹائر ہونے والے نیول چیف کے دور میں بحریہ کے تحت چلنے والی تمام مساجد کی بہترین انداز میں تزئین و آرائش کی گئی ہے جبکہ خطیب اور امام مساجد کی تعداد ماضی کے مقابلے میں دو گنا کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان نیوی اکیڈمی کے کیڈٹس کے لیے عربی زبان کی تعلیم کو لازم کر دیا گیا ہے جبکہ PNSجوہر کی ڈگری میں قرآنی عربی کا نفاذ بھی کر دیا گیا ہے۔
خواتین کو پردہ کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے، اُن کے لیے خصوصاً پڑھاتے وقت اعضائے ستر کو چھپا کر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ جبکہ مردوں کو نگاہوں کی حفاظت کرنے اور شائستگی اپنانے پر زور دیا جاتا ہے۔ پروموشن کے لیے پاک بحریہ کے افسران کے کردار کو اب بہت اہمیت دی جاتی ہے یعنی اگر کوئی افسر چاہے جتنا ہی قابل اور لائق ہو لیکن باکردار نہ ہو تو اُسے ترقی نہیں دی جاتی۔
یہ سب کسی خوبصورت انقلاب سے کم نہیں، جس پر ایڈمرل ظفر عباسی مبارک باد کے مستحق ہیں اور جس کی لازمی طور پر پورے پاکستان میں تقلید ہونی چاہیے کیونکہ نہ صرف ہمارے آئین کا یہی منشا ہے بلکہ یہ سب کچھ وہ ہے جو تحریک انصاف کے اُس وعدے کے مطابق ہے جس کا مقصد پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے اصولوں کے تحت چلانا ہے۔

٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here