روداد – بیت احسن کی ادبی نشست کا احوال – ام ایمان(غزالہ عزیز)
لاہور پہنچے دوسرا دن تھاکہ حریم ادب کی نشست میں شرکت کی دعوت ملی۔ یہ بیت احسن میںہونے والی ماہانہ نشست تھی ۔ ہماری رہائش سے ایک گھنٹے کا فاصلہ تھا ۔ فرزانہ چیمہ اس میںشرکت کا کراچی میںہی وعدہ لے چکی تھیں، لانے لے جانے کا وعدہ بھی کر لیا تھا جو انہوں نے نبھایا۔ ان سے بہترین قلم کار کے لحاظ سے تو خوب واقفیت تھی اب دوستی بھی ہو گئی اور وہ بھی با وفا دوست ثابت ہوئیں ۔ ایک گھنٹے کا سفر کچھ عدم واقفیت اور کچھ راستے کی خرابی کے باعث ڈیڑھ گھنٹے پر محیط ہؤا اور ان کی پیشانی خندہ ہی رہی۔
سو کراچی سے لاہور پہنچنے کے وقت کے برابر وقت میں ہم بیت احسن پہنچ گئے۔ یہ اسلامیہ پارک میں واقع ہے گلی میں داخل ہوئے تو پہلے لال اینٹوں کے احاطے والے تاریخی گھر ’’ فصیح منزل‘‘ کو بھی دیکھا ۔ ہاں بھئی تاریخی ہی ہؤا کہ بنت الاسلام کا گھر تھا جن کی کہانیاں اور افسانے پڑھ پڑھ کر مجھ سمیت کتنی ہی نسلیں جواں ہوئیںاورلکھنے کے شوق میںبھی مبتلا ہوئیں۔
ہمیںفرزانہ باجی کی زبانی یہ سن کر بڑا مزا آیا کہ بنت الاسلام کے بھی ہماری طرح تین نام تھے ۔…