جب پاکستانی ہونا جرم ٹھہرا! – بتول دسمبر ۲۰۲۱
کتابThe Wastes of Time کے مصنف پروفیسر ڈاکٹر سید سجاد حسین (1920۔1995)، اعلیٰ پائے کے دانشور ، انگریزی ادب کے استاد اور ڈھاکہ یونیورسٹی کے آخری پاکستانی وائس چانسلر خود جدی پشتی ’’ بنگالی‘‘ تھے۔ اپنی نوجوانی اور طالب علمی کے زمانے میں پاکستان کی محبت میں گرفتار ہوئے ۔ زندگی بھر حُب پاکستان کی تپش میں جلتے اور پکتے رہے ۔ شکست ِ پاکستان ان کی آرزوئوں اور خوابوں کی شکست وریخت تھی ، جسے وہ زندگی بھر قبول نہ کر سکے اور بالآخر یہ صدمہ سینے سے لگائے اپنے رب کے ہاں چلے گئے ۔کتاب کے اردو ترجمہ ’’ شکستِ آرزو‘‘( منشورات) کا پہلا باب نذرِ قارئین ہے ۔
ابتدائیہ:
میں نے یہ یاد داشتیں 1973ء میں ڈھاکہ جیل میںقلم بند کی تھیں، جہاں مجھے پاکستان کے خلاف چلائی جانے والی تحریک میں شیخ مجیب الرحمن کا ساتھ نہ دینے کے جرم میں قید رکھا گیا تھا ۔ میںنہ کوئی سیاست دان تھا اور نہ ہی کسی سیاسی جماعت کا کارکن ۔ البتہ میں یحییٰ حکومت کی درخواست پر 1971ء میں برطانیہ اور امریکا گیا تھا تاکہ یہ واضح کر سکوں کہ مشرقی پاکستان میں جاری جدوجہد در اصل کن دو قوتوں کے درمیان تھی ۔ ایک طرف تو وہ…