فلسطینی مسلم آبادی پر اسرائیل کے بہیمانہ ظلم اوردہشت گردی کا پس منظرکیا ہے،مسئلہ فلسطین دراصل کیوں پیدا ہؤا ، اقوام عالم میں کس نے کیا کردار ادا کیا ، اس میں کون کون سے نمایاں تاریخی موڑ آئے ، یہ تحریرجومسجد اقصیٰ میں ہونے والی آتش زدگی کے بعد 1970 میں شائع ہوئی ان سوالوں کے جواب دیتی ہے ۔
یہودی عزائم کی تاریخ
بیت المقدس اورفلسطین کے متعلق آپ کویہ معلوم ہونا چاہیے کہ تقریباًتیرہ سوبرس قبل مسیح میں بنی اسرائیل اس علاقے میں داخل ہوئے تھے اوردو صدیوں کی مسلسل کشمکش کے بعد بالآخراس پرقابض ہوگئے تھے۔ وہ اس سر زمین کے اصل باشندے نہیں تھے ۔ قدیم باشندے دوسرے لوگ تھے جن کے قبائل اور اقوام کے نام خود بائبل میںتفصیل کے ساتھ بیان کیے گئے ہیں ، اور بائبل ہی کی تصریحات سے ہمیں یہ معلوم ہوتا ہے کہ بنی اسرائیل نے ان قوموں کا قتلِ عام کر کے اس سر زمین پر اسی طرح قبضہ کیا تھا جس طرح فرنیگوں نے سرخ ہندیوں (Red Indians)کو فنا کرکے امریکہ پر قبضہ کیا ۔ ان کا دعویٰ یہ تھا کہ خدا نے یہ ملک ان کی میراث میں دے دیا ہے ، اس لیے انھیں حق پہنچتاہے کہ…