ادارہ بتول

پون صدی کی درخشندہ روایت

ادارہ بتول

پون صدی کی درخشندہ روایت

کرونا کے بعد کی زندگی – بتول مئی ۲۰۲۲

کرونا سے پہلے بھی دنیا میں بہت سی قدرتی آفات آتی رہی ہیں۔ لوگ نارمل زندگی میں بھی بیماری کا شکار ہو کر، حادثے میں یا طبعی موت مرتے رہے ہیں ۔دکھ تکالیف زندگی کا حصہ ہیں ۔قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ہم ضرور انسان کو پانچ چیزوں سے آزمائیں گے ، خوف ،بھوک، اورکھیتیوں، جان اور آمدنی کے نقصان سے۔تو یہ سب تو زندگی کا حصہ ہؤا۔اگر غم یا تکلیف نہ ہو تو انسان خوشی کی قدر نہیں کر سکتا۔اور پھر زندگی میں صرف خوشیاں ہی ہوں تو جنت کی خواہش کون کرے گا،کیونکہ دائمی خوشی کا وعدہ تو جنت میں ہی ہے۔
اللہ تعالیٰ کچھ لوگوں کو دے کر آزماتا ہے تو کچھ سے لے کر۔قرآن پاک میں انسانوں کو تین طرح کے پتھروں سے تشبیہ دی گئی ہے، یہ بتانے کے لیے کہ ایک وہ ہیں جو کسی حادثے کی وجہ سے اللہ کی طرف پلٹ آتے ہیں ۔دوسرے وہ جو پہلے سے اللہ تعالیٰ کے احکام مانتے ہیں اور جب وہ قرآن کا علم حاصل کر لیتے ہیں تو دوسروںکے لیے بھی ہدایت کا باعث بن جاتے ہیں اور تیسرے وہ جنہیں کوئی حادثہ ، علم یا نعمت بھی اللہ کا شکر گزار بندہ نہیں بناپاتی۔کرونا بھی ایک سبب تھا جس نے ہمیں یاد دلایا کہ ایک ایسی طاقت ہے جو کائنات کو کنٹرول کر رہی ہے اور ہم سب اس کے آگے بے بس ہیں ۔
الحمدللہ کرونا کی وجہ سے میری زندگی میں کوئی کمی تو نہیں آئی مگر اس دوران ترجمے و تفسیر سے قرآن پڑھا اور کچھ معمولات اپنائے ہیں جنہیں اپنے لیے بےحد مفید پایا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنا وعدہ پورا کیاکہ جب پکارنے والا مجھے پکارتا ہے تو میں سنتا ہوں اور جواب دیتا ہوں ۔اور رات کے تیسرے پہر اللہ تعالیٰ آسمان دنیا پر تشریف فرما ہو کر پکارتے ہیں ’’ہے کوئی پکارنے والا؟‘‘اس وقت کی مانگی گئی دعا کبھی بھی رد نہیں کی جاتی۔اللہ تعالیٰ ایسے دروازے کھولتا جاتا ہے اور اسباب پیدا کرتا جاتا ہےکہ انسان کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہوتا۔
میں یہ تسبیحات سب کے ساتھ شئیر کررہی ہوں تاکہ سب ان سے استفادہ حاصل کر سکیں ۔اگر یہ تحریر پڑھ کر کسی کو فائدہ ہو تو برائے مہربانی میرے اور میرے خاندان کے لیے بھی دعا کیجیے گا۔
جب بھی آپ آسانی سے جتنی بار بھی دعا کر سکیں ۔یہ دعائیں پڑھ لیں ۔کیونکہ اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں فرماتے ہیں’’وہ لوگ جو کھڑے اور بیٹھے(یعنی اٹھتے بیٹھتے، چلتے پھرتے) اور پہلو کے بل پر(یعنی لیٹے ہوئے بھی) اللہ کا ذکر کرتے ہیں ‘‘۔تو دعاکے لیے کسی وقت یا جگہ کو مخصوص نہ کریں بس مانگیں اور اس یقین سے مانگیں کہ وہ دے گا ضرور۔
1: استغفار کریں ۔نبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم جو کہ گناہ سے پاک تھےدن میں کم از کم ستر بار استغفار کرتے تھے۔ کوئی بھی مسنون دعائےاستغفار پڑھیں ۔جیسے اللھم انک عفو تحب العفو فاعف عنی۔رب اغفرلی۔
2: فجر کی ااذان سے کم از کم دس پندرہ منٹ پہلے اٹھ کر دو رکعت نفل سے تہجد شروع کریں اور سجود میں دل میں اپنی زبان میں دعا کریں۔ اگر قرآنی و مسنون دعائیں یاد ہیں تو وہ ہی پڑھیں ۔
3: ہر نماز میں سجدے میں اور سلام پھیرنے سے پہلے اپنی حاجت کے لیے دعا کریں ۔
4: اپنے کمرے میں کسی بھی شیلف بیڈ سائیڈ میز یا ڈریسنگ ٹیبل پر ایک منی باکس رکھیں اور اس میں سب گھر والے زیادہ نہیں تو کم از کم ایک سکہ روازنہ فجر کی بعد بطور صدقہ ڈالیں ۔مہینے کے آخر میں یہ پیسے کسی غریب کو دے دیں، ان سے راشن، کپڑے، جوتے، کتابیں، اشیائے ضروریہ ، کسی بیوہ یا یتیم کے بلز ، کسی مدرسے میں پنکھا لگوانے وغیرہ میں صرف کیجیے ۔
5: جب بھی کوئی پریشانی ہو تو دو نفل نماز حاجت پڑھ کے دعا کریں ۔
6: ہر چھوٹے بڑے کام کو کرنے سے پہلے استخارہ کریں۔اور یہ کوئی مشکل کام نہیں ہے۔صرف دو نفل نماز پڑھ کے دعائے استخارہ پڑھ لیں بس۔اس لیے کسی عالم یا عامل سے استخارہ کروانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔کام آپ کا ہے آپ خود ہی کریں ۔صحابہؓ کرام فرماتے تھے نبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم ہمیں استخارے کی دعا ایسے یاد کرواتے تھے جیسے قرآن۔
اور یہ دعا اللہ سے یہ مشورہ کرنے کی ہے کہ اگر یہ کام میرے حق میں بہتر ہے تو اسے میرا مقدر بنا دیں اور اس کے رستے سے رکاوٹیں دور کر دیں اور اگر یہ میرے حق میں برا ہے تو اسے مجھ سے دور کر دیں ۔اس میں ہم کہیں یہ نہیں کہتے کہ خواب میں دکھا دیں اس لیے یہ توقع مت رکھیں کہ خواب آئے گا کیونکہ خواب ہمارے لاشعور میں چھپی خواہشات یا خدشات پر مبنی ہوتے ہیں ۔ اگر کام آپ کے لیے بہتر ہؤا تو ہو جائے گا ورنہ نہیں ہو گا۔
7: چاہے کتنی ہی بڑی تکلیف یا مسئلہ ہو صرف اللہ سے ہی رجوع کریں ۔غیر شرعی کاموں میں نہ پڑیں ۔مسنون طریقہ ہی بہترین طریقہ ہے۔پھر ہم دن میں کتنی ہی بار نماز میں دعویٰ کرتے ہیں کہ’’ اے اللہ ہم صرف تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور صرف تجھ ہی سے مدد مانگتے ہیں ‘‘تو اس پر عمل بھی کیجئے ۔
8: یہ تسبیحات قرآنی و مسنون دعاؤں میں سے ہیں ۔
1: و یذھب غیظ قلوبھم(سورہ التوبہ 15)۔ غصے پر قابوکے لیے۔
2: رب انی لما انزلت الی من خیر فقیر۔ سورہ القصص کی آیت چوبیس کا آخری حصہ۔ہر طرح کی مشکل کے لیے پڑھنا مفید ہوگا۔موسٰی علیہ السلام نے مدین میں کنویں پر بیٹھ کر یہ دعا پڑھی تھی اور کچھ ہی دیر میں انہیں گھر، نوکری اور بیوی مل گئی تھیں ۔
3: و اصلح لی فی ذریتی۔ اولاد کی اصلاح کے لیے بہترین دعا ہے ۔
4: لا الہ الااللہ ۔ میزان میں سب سے بھاری کلمہ ہے۔
5: سبحان اللہ وبحمدہ و سبحان اللہ العظيم ۔ ایک بار پڑھنے سے جنت میں ایک درخت پڑھنے والے کے نام کا لگتا ہے۔
6: لاحول ولا قوة الا باللہ العلی العظيم ۔ پڑھنے والےکے لیے خوشخبری ہے۔
7: ربنا کشف عنا العذاب انا مؤمنون (الدخان 12) ہر طرح کے عذاب اور مصیبت سے پناہ کی دعا ہے۔
8: واللہ المستعان (سورہ یوسف) ۔ انبیاء نے اس لفظ کے ذریعے اللہ کی مدد مانگی ہے۔
9: و یسر لی امری(سورہ طہ 29)آسانی کے لیے دعا ہے۔
10: نبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم پر صلٰوۃ ۔کہ ہر صلوۃ پر 10 نیکیاں ملتی ہیں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم پر اسے آپ کے نام کیساتھ پیش کیا جاتا ہے، سبحان اللہ!
11: یا حی یا قیوم برحمتک استغیث۔اللہ تعالیٰ کی تعریف کیساتھ اس کی مدد کی درخواست۔
12: اللھم اغفر لنا ولہ وارحنا منہ۔کسی سے خوفزدہ ہوں ، تنگ ہوں، بچے نافرمانی کریں اور آپ کا دل تنگ ہو یا کسی بھی شخص سے نہ بنتی ہو تو یہ دعا پڑھیں ۔اللہ کا شکر ہے میری سسرال بیحد اچھی ہےلیکن اگر کسی بہن کے سسرال میں مسئلہ ہو تو یہ دعا پڑھ سکتی ہیں ۔
13: سورہ ملک روزانہ ایک بار پڑھیں کہ یہ عذاب قبر سے بچائے گی۔
14: سورہ اخلاص ۔نبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا ہے کہ اسے دس بار پڑھنا ایک قرآن پڑھنے کے مترادف ہے۔ایک اور روایت میں تین بار کا ذکر ہے۔
میرا معمول تو یہ ہے کہ ظہر کی سنتوں میں ایک رکعت میں ایک صفحہ قرآن پاک مصحف سے دیکھ کر پڑھتی ہوں اس طرح کچھ مہینوں میں دورہ قرآن بھی ہو جاتا ہے اور سورتیں بھی یاد ہو جاتی ہیں ۔آپ اگر آسانی سے تین آیات بھی پڑھ لیں ایک رکعت میں تو پڑھنا شروع کر دیں ۔
یہ کوئی وظیفہ نہیں ہے ۔اگر آسانی سے سب پڑھ سکیں تو چاہے ایک بار پڑھ لیں چلتے پھرتے آفس ، گھر کے کام کرتے، سفر میں، یا نمازوں کے بعد، یا بستر پر لیٹ کر۔ اور چاہے تو کوئی ایک دعا پڑھ لیں ۔ آسانی سے پڑھ سکیں تو ایک ایک تسبیح پڑھ لیں آدھے گھنٹے سے زیادہ نہیں لگے گا۔ میں ایک بار دن میں اور ایک بار رات میں ان تمام اذکار کی ایک ایک تسبیح کرتی ہوں ۔
اللہ تعالیٰ سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے ۔سب کے لیے آسانیاں پیدا فرمائے۔سب کی مشکلات اوربیماریاں دور فرمائے۔اور ہم سب کو قرآن و حدیث پڑھنے ان پر عمل کرنے اور انہیں دوسروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
٭٭٭

:شیئر کریں

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on linkedin
0 0 vote
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x