ادارہ بتول

پون صدی کی درخشندہ روایت

ادارہ بتول

پون صدی کی درخشندہ روایت

ریڈیو نورستان – نوردسمبر ۲۰۲۰

ٹک ۔ٹک۔ٹک۔ السلام علیکم میٹر بینڈ ۷۸۶ پر ہم ریڈیو نورستان سے بول رہے ہیں ۔ صبح کے چھ بجا چاہتے ہیں ۔ آئیے اپنی آج کی مجلس کا آغاز اللہ کے پاک نام سے کرتے ہیں ۔ تلاوت اور ترجمہ پیش کر رہے ہیں قاری عبد الرحمن۔

بسم اللہ الرحمن الرحیم

وَاَقِمِ الصَّلٰوۃَ طَرَفَیِ النَّھَارِ وَزُلَفًا مِّنَ الَّیْلِ۔ اِنَّ الْحَسَنٰتِ یُذْھِبْنَ السَّیِّاٰت۔ ذٰلِکَ ذِکْرٰی لِلذّٰکِرِیْنَ
ترجمہ: اور آپ نماز قائم کریں دن کی دونوں طرفوں( صبح و شام ) اور رات کی کچھ گھڑیوں میں۔ بے شک نیکیاں برائیوں کو لے جاتی ہیں ۔ یہ ( اللہ کا) ذکر کرنے والوں کے لیے نصیحت ہے(ہود۔۱۱۴)

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے۔ اب آپ عبد اللہ سے احادیث مبارکہ سنیے۔
٭ ام المومنین حضرت ام حبیبہ ؓ فرماتی ہیں کہ رسولؐ اللہ نے فرمایا کہ آدمی کی تمام باتیں اس کے لیے نقصان دہ ہو ں گی ۔ کسی بات سے اُسے فائدہ نہ پہنچے گا سوائے ان باتوں کے کہ نیکی کا حکم دیا جائے ، برائی سے روکا جائے اور اللہ کا ذکر کیا جائے ۔(ابن ماجہ)
٭ حضرت عبد اللہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول ؐ اللہ نے ایک دن اپنے صحابہ ؓ سے فرمایا کہ تم سبحان اللہ وبحمدہٖ سو بار کہا کرو۔جس نے اسے ایک دفعہ کہا ، اس کے لیے دس نیکیاںلکھی جائیں گی اور جس نے اسے دس دفعہ کہا ، اس کے لیے سو نیکیاں لکھی جائیں گی اور جس نے سو دفعہ کہا ، اس کے لیے ہزار نیکیاں لکھی جائیں گی اور جس نے (اس سے بھی )زیادہ کہا، اللہ تعالیٰ اسے ( اس سے بھی ) زیادہ اجر دے گا اورجس نے خدا سے بخشش مانگی ، اللہ تعالیٰ اسے بخش دے گا ۔ (ترمذی)

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے ۔ ثنا مسعود آپ کو حمد سنا رہی ہیں ۔ آئیے سنتے ہیں۔

حمد

خالقِ دو جہاں کیسے ہو شکر ادا
تو نے رہنے کو اچھا ٹھکانا دیا

خوش رنگ سبزیاں ، ذائقہ دار پھل
پیاس بجھنے کو پانی یہ شیریں دیا

رنگ برنگ تتلیاں ، چہچہاتے طیور
سبزہ ٔ گل، بوئے گل نہ کیا کیا دیا

ہاتھ پائوں یہ آنکھیں یہ دل اوردماغ
تیری نعمت ہیں مولا تیرا شکریہ

سب سے بڑھ کر جو نعمت ہے بخشی مجھے
تو نے مجھ کو مسلمان پیدا کیا

دے یہ توفیق گزرے مری زندگی
وہ جو رستہ رسولوں نے بتلا دیا

سرخ رُو ہوں قیامت کے دن یا رحیم !
دائیں ہاتھ میں نامہ تھاما ہوا

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے ۔ عارفہ بتول آپ کو کوئی گر کی بات بتا رہی ہیں۔

گُر کی بات

اگر آپ گرتے ہوئے بالوں سے پریشان ہیں Tea Tree Oilسرمیں لگائیں ۔ اگر آپ کے سر میں سِکری ہے تو دو حصہ نیم کا تیل اور ایک حصہ سرسوں کا تیل ملا کر لگائیں ۔ اگر گنجے پن کے مسئلہ سے دو چار ہیں تو زیتون کا تیل 100گرام ، کیسٹر آئل50گرام لے کر دو تین جوئے دیسی لہسن کے ڈال کر پکائیں اور سر پر لگائیں۔

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے ۔ احمد حسین آپ کو قائد اعظم کے کچھ اقوال سنا رہے ہیں ۔ آئیے سنتے ہیں۔

اقوالِ قائد اعظم

٭ کسی پر بھروسہ مت کیجیے ۔ آپ صرف اپنی ذاتی قوت پر بھروسہ رکھیے ۔مسلمانوں کو ابھی تک اس طاقت اور استحکام کا اندازہ نہیں جو انھیں حاصل ہے بشرطیکہ وہ مناسب طور پر ایک مضبوط قوم کی طرح متحرک ہو جائیں۔
٭ اسلام ہی ہمارا رہنما اور ہماری زندگیوں کا مکمل ضابطۂ حیات ہے ۔ ہم کوئی سرخ یا پیلا جھنڈا نہیں چاہتے ۔ ہم کوئی ازم ، سوشلزم ، کمیونزم یا نیشنل کمیونزم نہیں چاہتے۔
٭ اگر مسلمان ایک با عزت اور آزاد قوم کی طرح زندہ رہنا چاہتے ہیں تو ان کے لیے صرف ایک راستہ ہے کہ وہ پاکستان کے لیے جنگ کریں ، پاکستان کے لیے زندہ رہیں اور اگر ضرورت پڑے تو حصولِ پاکستان کے لیے جان دے دیں۔

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے ۔ ثمرہ حریم سے ان کے پسندیدہ اشعار سنیئے۔

٭ کانٹوں میں ہے گھرا ہوا چاروں طرف سے پھول
پھر بھی کھلا ہی پڑتا ہے ، کیا خوش مزاج ہے

٭ قسمت پہ اس مسافر بے کس کی روئیے
جو تھک گیا ہو بیٹھ کے منزل کے سامنے

٭ رنج کتنا بھی کریں ان کا زمانے والے
جانے والے تو نہیں لوٹ کے آنے والے

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے ۔ زجاجہ فاطمہ آپ کو بتا رہی ہیں کہ دعاکیسے مانگنی چاہیے۔

دعا کیسے کی جائے ؟

مفکر اسلام سید ابو الحسن علی ندوی ؒ فرماتے ہیں : دعا کے لیے اس ہستی کے یقین کی ضرورت ہے جس سے دعا کی جائے ۔ پھر اس یقین کی کہ اسے ہر طرح کی قدرت حاصل ہے اور دینے کے لیے اس کے پاس سب کچھ موجود ہے ، پھر اس یقین کی کہ اس کے در کے سوال کوئی در نہیں ۔ پھر اس یقین کی کہ وہ خود بھی دینا چاہتا ہے اور محبت و رحمت ، عطا وبخشش احسن و انعام اس کی خاص صفت ہے اور کوئی لے کر اتنا خوش نہیں ہوتا جتنا وہ دے کر۔پھر اس یقین کی مخلوق محتاج محض ، سر تاپا کشکول گدائی ہے۔
پھر اس یقین کی کہ وہ معبود اپنی مخلوق سے دنیا کی ہر چیز سے یہاں تک کہ اس کی شہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہے ۔ وہ ہر ایک کی سنتا ہے اور ہر ایک کی ہر حال میںمدد کر سکتا ہے۔

٭…٭…٭
یہ ریڈیو نورستان ہے ۔ طہٰ خان آپ سے چند پہیلیاں بوجھ رہے ہیں۔ سوچیے، غور کیجیے اور جواب دیجیے۔

(۱) باتوں باتوں میں وہ کھایا
کھا کر بھی ثابت ہی پایا

(۲) منہ سے تو وہ کچھ نہ بولی
اک اک بات مگر ہے کھولی

(۳) بے شک ہونا ہاتھ میں ہاتھ
چلتا ہے وہ آپ کے ساتھ

(دماغ۔ کتاب۔ سایہ)

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے ۔ اب آپ محمد احمد نعمان سے خبریں سنیئے۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ جو قوم اپنی مادری زبان کو فراموش کر دیتی ہے وہ دیگر اقدار سے بھی محروم ہو جاتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے 26ستمبر کے یوم ترکی زبان کے تہورار کے موقع پر جاری ایک پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی زبان دنیا کی قدیم ترین اور بڑی زبانوں میں سے ایک، آج ایک وسیع جغرافیے میں بولی جانے والی یہ زبان اپنی اہمیت ، عظمت اور استحقاق کا ثبوت پیش کرتی ہے ۔ ترک قوم اپنی ہزاروں سال کی تحریری ثقافتی تاریخ ، بلا تعطل ریاستی روایت اور عالمگیر تہذیب کی مالک ہونے کی ترکی زبان ہی کی بدولت مرہون منت ہے ۔ انھوں نے ثقافت اور تہذیب کی سنگ بنیاد کی حیثیت رکھنے والی ترکی زبان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ کسی قوم کی شناخت اور کردار کا سب سے اہم عنصر زبان ہے۔
٭دنیا میں آئے روز نت نئی ایجادات اور ٹیکنالوجیز سامنے آ رہی ہیں اور بہت سے ممالک میں ان ٹیکنالوجیز کو حکومتی سطح پر استعمال بھی کیا جا رہا ہے ۔ ایسی ہی ایک جدید ٹیکنالوجی سنگا پور میں استعمال ہونے جا رہی ہے جسے سنگ پاس کا نام دیا گیا ہے۔ یعنی سنگا پورچہرے کے ذریعے شہریوں کی تصدیق کرنے والا دنیا کا پہلا ملک ہوگا ۔ بائیو میٹرک طریقے سے شناخت کے ذریعے سنگا پور کے شہریوںکو حکومتی اور نجی سروسز تک رسائی کی اجازت ہوگی ۔ ایک بینک میں اس ٹیکنالوجی کی کامیاب آزمائش کے بعد اب اس ٹیکنالوجی کو پورے سنگا پور میں نافذ کیا جا رہا ہے ۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے نہ صرف سامنے والے شخص کی شناخت ہوتی ہے بلکہ یہ اس بات کو بھی یقینی بناتا ہے کہ بندہ حقیقت میں موجود ہے ۔
٭ امریکہ کے ایک نیلام گھر میں ڈائنا سور کی لمبی ترین نسل کے جانور ٹائرا نوسار کا ڈھانچہ تقریباً ڈھائی ارب روپے میں فروخت ہو گیا ۔ اس کو ریکس بھی کہا جاتا ہے ۔ اس کی لمبائی 40فٹ جب کہ چوڑائی 13فٹ ہے ۔ یہ ڈھانچہ 1987ء میں امریکی ریاست جنوبی ڈکوتا سے نکالا گیا تھا۔
٭ارجنٹائن جینیاتی طور پر تبدیل شدہ گندم کی پیداوار اور کھپت کی اجازت دینے والا پہلا ملک بن گیا ۔ بیونس آئرس میں واقع وزارت زراعت کے سائنسی کمیشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انھوں نے گندم کی ایک ایسی قسم کی اجازت دی ہے جو خشک سالی کے دوران بھی اگ سکتی ہے ۔ کمیشن نے بیان میں مزید کہا ہے کہ یہ دنیا میں خشک سالی برداشت کرنے والی پہلی گندم کی جینیاتی تبدیلی ہے ۔
خبریں ختم ہوئیں۔

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے ۔ اس دعا کے ساتھ ہماری آج کی مجلس اپنے اختتام کو پہنچتی ہے ۔
خَیْرًا رَّأَیْتَ وَ خَیْرًا یَّکُوْنُ۔( خدا کرے ) تم نے اچھی بات دیکھی ہو اور اس کی تعبیر اچھی ہو۔
جب کوئی اپنا خواب بیان کرنے لگے تو سننے والے کو یہ دعا کرنی چاہیے ۔

پاکستان زندہ باد
نورستان پائندہ باد

٭…٭…٭

:شیئر کریں

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on linkedin
5 1 vote
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
1 Comment
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments
فائزہ احسن
فائزہ احسن
3 years ago

واہ

1
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x