ادارہ بتول

پون صدی کی درخشندہ روایت

ادارہ بتول

پون صدی کی درخشندہ روایت

تبصرہ کتب- بتول مئی ۲۰۲۱

نام کتاب: قلم کاوش
مولف: پروفیسر ڈاکٹر ممتاز عمر
صفحات: 200
قیمت: دعائے خیر ،ڈاک خرچ ،مبلغ100کے ٹکٹ ارسال کریں۔
ناشر ،ملنے کا پتہ: راشد جمال پبلی کیشنزT-473 کورنگی نمبر ۲ کراچی
زیرِ تبصرہ کتاب ہمارے ملک کے شعبہ تعلیم کی معروف شخصیت اور خدمت خلق کے حوالے سے ایک معتبر نام پروفیسر ڈاکٹر ممتاز عمر کے مضامین اور افسانوں کے مجموعے پرمشتمل ہے ۔ کئی تحریریں ’’ بتول ‘‘ میں شائع ہو چکی ہیں ۔
ڈاکٹر ممتاز عمر نے نہ صرف اپنے عملی کام سے معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے لیے خدمت کا ایک نمونہ پیش کیا ہے بلکہ اپنی تحاریر میں بھی ایک مثالی معاشرے کی تشکیل کے لیے لازمی قدروں کو سادگی اور روانی سے شامل کیا ہے۔
ممتاز عمر صاحب کی شخصیت میں موجود انسانی ہمدردی واخلاص کا عکس ان کی تحریروں میں بھی جا بجا جھلکتا محسوس ہوتا ہے ۔ جہاں آپ نے عمرِ عزیز کا ایک طویل عرصہ حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی احسن انداز میںادائیگی کرتے ہوئے گزارا وہیں آپ نے اپنے سفرِ حجاز کو محبت اور وارفتگی کے انداز میں سپردقلم کیا ہے۔اس مضمون سے ان تمام لوگوں کو جوارضِ مقدسہ اور رسولِ محترم ﷺ کی محبت سے سر شار اس سفر کے متمنی ہیں انہیں محض جذباتی سہارا ہی نہیں ملے گا بلکہ جا بجا عملی اشاریے بھی نظرآئیں گے جن پر عمل کر کے نئے مسافر ان حرم کے لیے اس سفر کو مزید فائدہ مند بنایا جا سکتا ہے ۔ بلکہ جو دیارِ حرم سے لوٹ آئے ان متمنی روحوں کے لیے اس سفر کی یادیں ایک ولولۂ تازہ کا کام دیںگی۔
والدین سے محبت کا عالم یہ رہا کہ ان کی زندگی میں بھی ایک تابعدار اولاد کے روپ میں دکھائی دیے اور والدین کے دنیا سے رخصت ہو جانے کے بعد بھی انہی کی خوبیوں کو اپنانے کی سعی کرتے نظر آتے ہیں ۔ یہی سعی آپ کے مضامین کا خاصہ ہے ۔کہیں کینسر کے موذی مرض کا شکار افراد سے ہمدردانہ رویہ اپناتے ہیں ، کہیں انسانی رویوں کی بے حسی پر نوحہ کناں ہیں ، کہیں ذہنی معذور افراد کے ساتھ گھر والوں کا بہیمانہ سلوک اور پھر اس کے نتیجے میں مکافات عمل دکھاتے ہیں ، کہیں سود کی راہ اختیار کرکے اللہ تعالیٰ سے کھلی جنگ کرنے والوں کو متنبہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ڈیجیٹل میڈیا کے اس دور میں جب کتاب کا رشتہ قاری سے چھوٹتا جا رہا ہے ممتاز عمر صاحب اپنے محدود وسائل اور اپنے احباب کے تعاون سے علمی ، ادبی، اصلاحی عنوانات و موضوعات پر مبنی کتب کی اشاعت و فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔
ڈاکٹر ممتاز عمر کی زندگی خود شناسی سے خودی کی تربیت تک کے مراحل کا سفر ہے وہ اپنے زورِبازو پر آگے بڑھنے والوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں ۔ ذاتی زندگی میں کئی مشکلات کو بہادری اور حوصلہ مندی سے عبور کیا ۔ اس کتاب کی اشاعت بھی ان کی حوصلہ مندی کی دلیل ہے ۔
٭…٭…٭

:شیئر کریں

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on linkedin
0 0 vote
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x