ایک عہد تھا جو تمام ہوا – ڈاکٹر حمیرا طارق

کوئی تبصرہ نہیں

اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں فرمایاہے:
آ خر ہر شخص کو مرنا ہے اور تم سب اپنے اپنے پورے اجر قیامت کے روز پانے والے ہو۔کامیاب دراصل وہ ہے جو وہاں آتش دوزخ سے بچ جائے اور جنت میں داخل کر دیا جائے،رہی یہ دنیا تو یہ محض ایک ظاہر فریب چیز ہے(آل عمران :۱۸۵)
آج سے پینتیس سال قبل ایک الیکشن کے جلسے میں زہراآپا کو سیاسی تقریر کرتے سنا۔ایک پر وقار اور وجیہہ خاتون ،تقریر کا خصوصی ملکہ حاصل تھا۔پورا مجمع مسحور تھا۔بغیر مائیک کے بلند آواز میں انتخابی تقریر کی کہ مجمع میں موجود مخالف بھی کوئی اعتراض نہ کرسکے۔
اٹھائیس سال قبل میں نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی پھر زہرا آپا کے ساتھ دن رات کا ساتھ تھا۔اُن کی پوری زندگی سراپا تحریک تھی۔لاہور ڈویژن میں کسی جگہ بھی چلے جاؤ ہر خاتون زہرا وحید صاحبہ سے واقف تھی ۔لاہور، قصور اور شیخوپورہ کی شاید ہی کوئی گلی یا محلہ ہوگا جہاں زہرا آپا نے درس قرآن نہ دیا ہو،اورجہاں انتخابات کے دنوں میں سیاسی جلسہ سے خطاب نہ کیا ہو۔
اُن کی مجلس میں بیٹھ کر ،اُن کی گفتگو سن کر اُن کے آفاقی نظریے اور اُس نظریے کے حق میں علمی دلائل اور پھر نظریے کے لیے قربانی کی مثالیں ورطہ حیرت میں ڈال دیتیں اور انسان حیران ہو جاتا کہ ایک خاتون خانہ جو بڑا کنبہ رکھتی ہے،جس نے بچوں کی تعلیم وتربیت پر خاص محنت کی ہو،اسقدر گہرائی کے ساتھ مطالعہ کرسکتی ہے،اور پھر دعوت دین کے لیے قرآن کلاسز اور دروس کا سلسلہ،اور اس کے ساتھ طالبات کی دینی تعلیم کے لیے مدرسہ کا انتظام وانصرام کرنا ۔ایک ملاقات میں بتایا کہ کھانے کی میز پر بچوں کی پلیٹ میں کھانا بھی اپنے ہاتھ سے نکال کے دیتی ہوں ۔رات کو جب سب سوجاتے ہیں تو میں گھر سمیٹتی ہوں ۔دھلے ہوئے کپڑے تہہ کرکے رکھتی ہوں،الماریاں درست کرتی ہوں ۔
صاحب علم ہونے کے ساتھ ساتھ صاحب کردار بھی تھیں ۔اپنی بات کی پکی ،رائے کی صائب ،وعدہ کو پورا کرنے والی ،جو کہہ دیا وہ پورا کرکے دکھایا۔علامہ اقبال کا شعر زہرا آپا پر صادق آتا ہے؎
ہزار خوف ہو لیکن زباں ہو دل کی رفیق
یہی رہا ہے ازل سے قلندروں کا طریق
زہرا آپا بہت بڑا دل رکھتی تھیں ۔صاحب مال تھیں ،اپنی وراثت کا بڑا حصہ راہ خدا میں خرچ کیا۔لاکھوں روپیہ جماعت اسلامی کو اعانت دیا کرتی تھیں۔اُنھوں نے اپنا وقت ،مال ،صلاحیتیں جماعت اسلامی کے لیے وقف کردی ہوئی تھیں ۔آج جماعت اسلامی حلقہ خواتین جس جگہ پر موجود ہے اُس میں زہرا وحید صاحبہ کی محنتوں اور قربانیوں کا بڑا حصہ ہے۔اللہ تعالیٰ اُن کی حسنات قبول فرمائیں ،بشری کمزوریوں سے صرف نظر فرمائیں ۔ہم سب کو اُن کا صدقہ جاریہ بنائیں ،اُن کے اہلِ خانہ جو جماعت اسلامی کا اثاثہ ہیں انھیں جماعت اسلامی کا ہر اول دستہ بنائیں، آمین۔
٭ ٭ ٭

Facebook
Twitter
Pinterest
WhatsApp