دوسری قسط – آذربائجان کی سیر – مہ جبین
بلندیوں کا سفر
قبالا آذربائجان کا ایک تاریخی شہر ہے جو پہاڑوں کے دامن میں واقع ہے منگول خان، تیمور لنگ اور ایسے کئی جنگجوؤں کے قدم اس زمین پر پڑے ہیں۔باکو سے قبالا کا بائی روڈ راستہ ساڑھے تین گھنٹے کا ہے لیکن جگہ جگہ اسپیڈ چیک اور ریڈار بورڈز نصب ہیں جس کی وجہ سے رفتار کبھی کم اور کبھی زیادہ رکھنی پڑتی ہے ۔پہاڑوں کے درمیان سطح مرتفع پر واقع وادیاں، وسیع سرسبز میدان اور چراگاہیں، کھیت، مویشیوں کے جھنڈ ، خوبصورت لکڑی سے بنے مکانات، سرائے ،ہوٹل ،دکانیں کہیں ملیں اور فیکٹریاں کہیں ہوائی چکیاں، سولر پلانٹ اور ان سب کے درمیان صاف ستھری بل کھاتی سڑک، کہیں دریائی راستوں پر پل بنائے گئے ہیں جہاں ابھی تو بالکل ہلکا سا پانی نظر آرہا تھا لیکن برف باری کے بعد یقینا ًیہ دریائی راستے پانی سے بھر جاتے ہوں گے۔
تقریباً دو ڈھائی گھنٹے چلنے کے بعد ایک جگہ گاڑی روک کر تھوڑی چہل قدمی کا فیصلہ کیا۔لکڑی کے تختوں کو جوڑ کر چھوٹی چھوٹی بیٹھکوں کی شکل میں قہوہ خانے پورے راستے میں تھوڑے تھوڑے فاصلے پر موجود تھے جنہیں مقامی لوگ ہی چلاتے ہیں، جو نہ صرف ان کی آمدنی کا ذریعہ ہے بلکہ آذری لوگوں…