خاص مضمون – تنظیم اپنے مقاصد کیسے حاصل کرسکتی ہے – خرم مرادؒ
’’ کارکن اورقیادت سےتحریک کے تقاضے ‘‘ کاایک باب
ہر تنظیم کسی مقصد کے لیے قائم ہوتی ہے اور اس مقصد کے حصول میں وہ جتنی مؤثر (effective) اور جتنی کارگر (efficient) ہوگی اتنا ہی وہ تنظیم زیادہ کامیاب ہوگی۔ اس لحاظ سے ہم سب کے لیے یہ جاننا ضروی ہے کہ وہ کون سے اصول اور تدابیر ہیں جو کسی ایسی تنظیم کے مقاصد کے حصول کے لیے مؤثر اور کارگر ہو سکتے ہیں جو اسلامی انقلاب برپا کرنے کے لیے قائم کی گئی ہو۔
تنظیم کیا کرتی ہے اور اس کی اہمیت کیا ہے؟
عمومی نقطہ نظر سے ہم یوں کہہ سکتے ہیں کہ تنظیم کے دو کام ہیں:ایک یہ کہ وہ افراد کو جمع کر کے ایک ایسا مجموعہ بنائے جس کی طاقت اور قوت افراد کے مجموعے سے کئی گنا زیادہ ہو۔ اگر آپ ریاضی کے جمع کے فارمولے سے افراد کی قوتوں اور طاقتوں کو جمع کریں تو تنظیم میں آکر وہ اَضعافاً مُضاعَفَۃ ،یعنی کئی گنا زیادہ بڑھ جائیں گی۔ اس کو اردو کے ایک عام محاورے کے لحاظ سے ہم یوں کہہ سکتے ہیں کہ ایک اور ایک کو جمع کر کے دو بنانا تنظیم کا کام نہیں ہے، بلکہ ایک اور ایک کو گیارہ بنانا تنظیم…