امان اللہ نیّر شوکت

پیارا گاؤں – نوردسمبر ۲۰۲۰

پیارا گاؤں
ٹھنڈی میٹھی چھائوں ہے
کتنا پیارا گائوں ہے
فصلیں ہیں پُھلواری ہے
دلکش کیاری کیاری ہے
پنچھی بولیاں بولتے ہیں
کانوں میں رس گھولتے ہیں
ہرے بھرے ہیں کھیت یہاں
حوصلہ مند ان میں دہقاں
روز مویشی چراتے ہیں
گیت خوشی کے گاتے ہیں
شیشم کے اِک پیڑ تلے
بیٹھے ہیں بچے بوڑھے
ریہٹ ہے، روں روں کرتا
کھیتوں میں پانی بھرتا
گائوں سارا ہی کچا ہے
اِک سکول ہی پکا ہے
اِک مسجد بھی پکی ہے
رب کے فضل سے بستی ہے
یہاں سکوں ہے شور نہیں
خود غرضی کا زور نہیں
تازہ ہوائیں پیاری دُھوپ
نکھرے رنگ اور ستھرے روپ
بڑے مکاں ،میدان کھُلے
دلوں کے سب انسان بڑے
نیّرؔ ٹھنڈی میٹھی چھائوں
کتنا پیارا میرا گائوں
٭…٭…٭

مزید پڑھیں

بچو سنو اک کہانی(نظم) – نور جنوری ۲۰۲۱

بچو سنو اِک کہانی
بچو سنو تم مجھ سے اچھی سی اِک کہانی
تم نے سنی نہ ہو گی ایسی کبھی کہانی
لڑکا حمید ہے اِک معصوم و سیدھا سادا
تم کو سُنا رہا ہوں اُس کی ہی میں کہانی
پڑھتا ہے آج کل وہ گائوں کے مدرسے میں
چھوٹی سی جان ہے وہ، لیکن بڑی سیانی
ہے شوق اُس کو لکھنے ، پڑھنے کا خوب زیادہ
بنتی ہے روز جیسے اِک نت نئی کہانی
مجید نامی لڑکا اُس کا ہے بھائی چھوٹا
اب تم کو میں سنائوں اس کی کوئی کہانی
پڑھنے کا شوق ہے نہ لکھنے کی خواہش اس کو
کیا تم کرو گے سُن کے ایسی بُری کہانی
تصویرِ زندگی میں پھیکے سے رنگ بھر کر
برباد کر رہا ہے اچھی بھلی جوانیا
کاموں میں ایسے پڑ کر کیا ہوگا اُس کو حاصل
ایسے تماش بینوں کی کب چلی کہانی

لیکن ملی ہے جس کو تعلیم کی یہ دولت
دُنیا میں سب سے اونچی اس کی بنی کہانی

اب یہ بتائو بچو! کیا رائے ہے تمہاری
دونوں میں تم کو کس کی اچھی لگی کہانی

مزید پڑھیں