گڈّھا نہیں بھرتا – سید رفیق حسین
نا واقف لوگوں کو یہ سن کر تعجب ہو گا کہ گورنمنٹ کے تمام محکموں میں سب سے عجیب و غریب محکمہ نہر کا ہے ۔لیکن ناظرین اگر اس محکمے کی صرف ان دو خصوصیات پر غور کریں گے تو خود سمجھ جائیں گے ۔اول یہ کہ اس کے علاوہ تمام محکمے ایک دوسرے سے دست و گریباں کی طرح الجھے ہوئے ہیں ، یہ ایک تنہا الگ ہے ۔ نہ اسے کسی اور سے سرو کار ہے اور نہ کوئی اور محکمے والا اس کے کاموں میں دخل دے سکتا ہے ۔ دوم یہ کہ بقیہ تمام محکمے طرح طرح سے روپیہ حاصل کر کے خزانے میں جمع کرتے ہیں اور یہ خاموش، مسکین صورت ، معصوم و ضع گروہ روپیہ خزانوں سے نکال کر اطمینان سے خرچ کرتا ہے ۔ اب اس محکمے کے بقیہ حالات ناظرین خود تصور کرلیں ۔
یہاں ایک ہستی بڑی قابلِ تعریف عجائباتِ قدرت میں سے ہوتی ہے ( سب اوورسیئر کیسے کہوں ، بگڑ جائیں گے ) آپ بابو جی ہیں ۔ بڑے سیدھے ، بڑے نیک ۔ خاکساری آپ کا شیوہ ہے ، انکساری آپ کی طینت ہے ، لیکن وہیں تک یعنی صاحب علاقہ صاحب کے ڈیرے یا بنگلے تک ۔…