سابق امیر جماعت اسلامی میاں طفیل محمد صاحب سے ایک ملاقات کااحوال – آسیہ راشد شرکاء:فرزانہ چیمہ۔ سلمیٰ اعجازچوہدری
وفات : 25جون2009
یہ انٹرویو ستمبر 2006میں لیا گیاجماعت اسلامی کے امیر رہے : (1966سے1987)
٭
السلام علیکم
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
س: اپنی تاریخ پیدائش اور خاندانی پس منظر کے بارے میں کچھ بتائیں ؟
میری پیدائش نومبر 1913 میں ہوئی۔
ج: میرا تعلق مشرقی پنجاب میں واقع ریاست کپور تھلہ کے ایک گائوں رائے پور آرائیاں سے ہے ۔ ہمارا کاشت کار گھرانہ تھا ۔ میرے دادا کا نام مہر شیر محمد تھا ۔ ان کے سات بیٹے تھے جن میں میرے والد میاں برکت علی سکول ماسٹر تھے ۔ میرے والد اور چچا تایا سبھی لوگ اکٹھے رہتے تھے اس لیے ان کا اپنے علاقے میں بہت رعب و دبدبہ تھا ۔ ان میں بہت سے نمبر دار بھی تھے اور کئی ایک کو ذیل داری بھی ملی تھی۔
میں نے اپنے گائوں کے سکول سے پرائمری تک تعلیم حاصل کی۔ اپنے گائوں کے قریبی قصبے کے ایک سکول سے مڈل تک تعلیم حاصل کی ۔ کپور تھلہ کے ہائی سکول سے میٹرک کیا ۔ اور وہیں کے ایک کالج سے پری انجینئرنگ میں ایف ایسی سی کی ۔ گورنمنٹ کالج لاہور سے بی ایس سی کیا پھر لاء کالج سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔
ہم نو بہن بھائی تھے ۔دو بھائی بچپن میں…