ادارہ بتول

پون صدی کی درخشندہ روایت

ادارہ بتول

پون صدی کی درخشندہ روایت

ریڈیو نورستان – نور جنوری ۲۰۲۱

ٹک۔ٹک۔ٹک۔ السلام علیکم ۔ میٹربینڈ ۷۸۶پر ہم ریڈیو نورستان سے بول رہے ہیں ۔ صبح کے چھ بجا چاہتے ہیں ۔ آئیے اپنی آج کی مجلس کا آغاز اللہ کے پاک نام سے کرتے ہیں ۔ تلاوت و ترجمہ کی سعادت حاصل کررہے ہیں ۔قاری عبدالرحمن۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم
زُیِّنَ لِلَّذِیْنَ کَفَرُوا الْحَیٰوۃُ الدُّنْیَا وَیَسْخَرُوْنَ مِنَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَالَّذِیْنَ اتَّقَوْا فَوْقَھُمْ یَوْمَ الْقِیَامَۃ ِوَاللّٰہُ یَرْزُقُ مَنْ یَّشَآئُ بِغَیْرِحِسَاب۔
ترجمہ :جن لوگوں نے کفرکیا ، ان کے لیے دنیا کی زندگی سجا دی گئی ہے اوروہ ان لوگوں سے مذاق کرتے ہیں جوایمان لائے ہیں اورجو متقی ہیں ، وہ قیامت کے دن ان سے بلند مرتبہ ہوں گے اور اللہ جسے چاہتا ہے بغیر حساب کے رزق دیتا ہے ۔(البقرۃ۲۱۲)

٭…٭…٭

یہ ریڈیونورستان ہے ۔ اب آپ عبد اللہ سے احادیث مبارکہ سنیے۔
٭ حضرت ابوالدرداؓ بیان کرتے ہیں کہ رسولؐ اللہ نے مجھ سے فرمایا کہ تو سبحان اللہ اورالحمد اللہ اورلا الٰہ الا اللہ اوراللہ اکبرکو پڑھنا اپنے اوپرلازم کر لے ۔یہ کلمات گناہوں کو اس طرح جھاڑ دیتے ہیں جس طرح درخت اپنے (پرانے ) پتے جھاڑ تا ہے۔( ابن ماجہ)
٭ حضرت عبد اللہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسولؐ اللہ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ سے اس کا فضل مانگتے رہو کیوں کہ اللہ تعالیٰ اس بات کو پسند فرماتا ہے کہ اس سے مانگا جائے اور افضل ترین عبادت رنج و غم دورہونے ( یافراخی حاصل ہونے) کا انتظارکرنا ہے ۔(ترمذی)

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے۔ معصب عمیر سے ایک نظم سنیے۔

توتا

ہریل توتا، نیلا توتا
زرد، سفید اور لال توتا
دو رنگ توتا، سہ رنگ توتا
قوسِ قزح کے جیسا توتا
قسم قسم کے دیس بدیسی
جس پنجرے میں دیکھو توتا
ٹیں ٹیں ٹیں ٹیں
غوں غوں غوں غوں
بولی کیسی بولے توتا
چڑیا گھر آئے تھے دیکھیں
ہرن ،رزافہ ، شیر اور چیتا
لیکن اپنے دل کو بھایا
رنگ برنگا موہنا توتا
کاش کہ مجھ کو بھی مل جائے
کوئی بولنے والا توتا

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نور ستان ہے ۔ عارفہ بتول آپ کو چند گُر کی باتیں بتا رہی ہیں
گُر کی بات
گھر میں چھوٹے موٹے اوزر تو پڑے ہی ہوتے ہیں ۔ جیسے ہتھوڑی، پانا وغیرہ۔ اگر انھیں زنگ لگ جائے تو ایک برتن میں سرکہ ڈال کر رکھ دیں ۔ تھوڑی دیرمیں زنگ اترنے لگے گا ۔ اب اسے کپڑے سے صاف کرلیں۔
کبھی کبھی چابیوں کے چھلے میں چابی ڈالنا مصیبت ہو جاتا ہے ۔ پریشان نہ ہوں پن اوپنر سے ، جس سے اسٹپلر کی پنیں نکالی جاتی ہیں ، چھلّے کے دونوں حلقوں میں فاصلہ کریں اورچابی ڈال دیں۔

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے۔ مریم فاروقی آپ کو علم سے محبت کا ایک تاریخی واقعہ سنا رہی ہیں ۔ آئیے سنتے ہیں ۔
علم کی محبت
امام سرخیؒ اپنے وقت کے بہت بڑے عالم تھے۔ حاکم وقت نے ایک ظالمانہ ٹیکس لگا دیا ۔ امام صاحب نے عوام کو ٹیکس دینے سے روک دیا ۔حاکم ان کو قتل تو نہیں کر سکتا تھا لیکن اس نے ان کو کنویں میں ڈال دیا ۔انھوں نے جیل کے داروغاسے اجازت لے لی کہ شاگردوں کو کنویں کے کنارے تک آنے کی اجازت دے دی جائے اس طرح انھوں نے چودہ سال کنویں میں گزارے ۔ایک کتاب ایسر الکبیر چار جلدیں اورالبسوط30جلدیں وہیں پر املا کرائیں ۔

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے ۔ اُمیمہ ساجد آپ کو بتا رہی ہیں کہ عقل مند آدمی کون ہوتا ہے ۔ ذرا کان لگاکر سنیے۔
عقل مند آدمی
حضرت علی ؓ سے روایت ہے کہ میں نے حضور ؐ اکرم کو فرماتے ہوئے سنا کہ عاقل آدمی کو صرف تین باتوںکی طرف توجہ دینی چاہیے : کسب معاش کی طرف ، آخرت کے لیے یکسوئی کی طرف اور جائز لذتوں کی طرف ۔ نیز فرمایا کہ دن بھر میں عقل مند آدمی کے لیے چار گھڑیاں ہونی چاہئیں ، ایک ایسی گھڑی جس میںاپنے رب کریم سے مناجات کرے ، ایک ایسی گھڑی جس میں اپنے نفس کا محاسبہ کرے ۔ ایک ایسی گھڑی جس میں اہل علم کے پاس جائے جو دین ودنیا کی بصیرت کا اس کو سبق دیں اور اس کی خیر خواہی کریں ، ایک ایسی گھڑی جس میں اپنے نفس کو حلال و جائز لذتوں اور خواہشوں کے لیے ذرا آزاد چھوڑ دے ۔ نیز ارشاد فرمایا کہ عاقل کو اپنے احوال میں غور کرتے رہنا چاہیے، اپنے ہم عصروں سے غافل نہ رہے، اپنی زبان اور شرم گاہ کی حفاظت رکھے۔

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے ۔ طہٰ حسین ایک مزیدار کہانی کے ساتھ تشریف لائے ہیں ۔ آئیے سنتے ہیں۔
ننھی تارا
تارا اُداس اپنے گھر کے دروازے پر بیٹھی تھی ۔’’ کیا ہوا تارا؟ ایسے کیوں بیٹھی ہو؟‘‘ اس کی آپی نے پوچھا ۔’’ آپی ! میں بہت بور ہو رہی ہوں ۔ زندگی میں کچھ بھی تو مزے دار نہیں ۔‘‘ چھ سالہ تارا ٹھنکتے ہوئے بولی۔’’اچھا؟ واقعی؟‘‘ آپی نے معنی خیز لہجے میں کہا پھر بولیں ۔’’ ہاں ، تم صحیح کہہ رہی ہو۔ اب دیکھو ثنا کے کتنے مزے ہیں ۔ اس گھر میں باغ ہے جہاںرنگ برنگے پھول ہیں ،پیارے پیارے پرندے چہچہاتے ہیں ۔‘‘’’ مگر ہمارا بھی باغ ہے ۔ پھول تو وہاں بھی کھلتے ہیںاور پرندے بھی چہچہاتے ہیں ۔‘‘ تارا بول پڑی۔’’ اور موسیٰ کتنا خوش قسمت ہے ۔ اس کے پاس سائیکل ہے جس پر وہ سیر کرتا ہے۔‘‘ آپی نے اس کی بات اَن سنی کردی ۔’’ مگر سائیکل تو میرے پاس بھی ہے اور موسیٰ سے زیادہ اچھی اور نئی ہے ۔‘‘ تارا چمک کربولی۔’’ مریم بھی کتنی خوش رہتی ہے ۔اس کے پاس ڈھیرساری گڑیاں ہیں ۔‘‘ آپی اپنی ہی کہے جا رہی تھیں ۔ ’’ میرے پاس مریم سے زیادہ گڑیاں ہیں ۔ ان کا گھر بھی ہے اور امی نے ان کے لیے نئے کپڑے بھی بنائے ہیں ۔‘‘ تارا نے جتایا۔’’ بلال کے ابو اس سے کتنا پیار کرتے ہیں ۔ روز اس کے لیے چاکلیٹ، ٹافیاں یاپھل لاتے ہیں ۔‘‘ آپی نے جیسے چاکلیٹ کا مزا لیتے ہوئے کہا۔’’ میرے ابومجھ سے اُس سے بھی زیادہ پیار کرتے ہیں ۔ وہ میرے لیے گولیاں ،ٹافیاں بھی لاتے ہیں اور مجھے سیر کرانے بھی لے جاتے ہیں ۔‘‘ تارا نے فخر سے کہا ۔’’ سونیا کے بہن بھائی اس کے ساتھ کھیلتے ہیں ، خوب مزے کرتے ہیں ۔ پکنک پر جاتے ہیں ۔‘‘ آپی نے کن اکھیوں سے تارا کو دیکھا۔ ’’میرے بہن بھائی بھی میرے ساتھ کھیلتے ہیں ۔ ہم بھی خوب مزے کرتے ہیں اور آپی آپ ہمیں اچھی اچھی کہانیاںبھی تو سناتی ہیں ۔‘‘ تارا نے کہا۔’’ مگر تارا ، تم توکہہ رہی تھی کہ تمھاری زندگی میںکچھ بھی مزے کا نہیں ۔‘‘ آپی نے مسکراتے ہوئے کہا۔’’ نہیں آپی، میرے پاس تو اتنی ساری چیزیں ہیں ۔ میری زندگی توبڑے مزے کی ہے ۔‘‘ وہ ہنستی کھلھلاتی اندر دوڑ گئی۔

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے ۔ اب آپ محمد احمد نعمان سے خبریں سنیے۔
٭لکڑی سے بنا دنیا کا سب سے بڑا جہاز سفر کے لیے تیار ہو گیا ۔ جہاز کا نام عبید رکھا گیا ہے ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ، عبید کا نام امارات کے جہاز ساز عبید جمعہ بن ماجدالفلاسی کے نام پر رکھا گیا ہے ۔ عبید نے 1940ء کے وسط میں 9سال کی عمر میں جہاز سازی سیکھنے کا آغاز کیا تھا ۔ دنیا کے سب سے بڑے بحری جہا ز، عبید کی لمبائی 91اعشاریہ چار سات میٹر اور چوڑائی20 اعشاریہ چار ایک میٹر ہے جبکہ اونچائی 11میٹر اور وزن2ہزار 5سو ٹن ہے ۔لکڑی سے بنے اس بحری جہاز کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرلیا گیا ہے ۔ عبید کی تیاری کے لیے لکڑی افریقہ سے لائی گئی اور اس میں 6ہزار ٹن وزن رکھا جا سکتا ہے ۔ بحری جہاز یو اے ای سے پاکستان ، بھارت ، مصر سمیت دیگر ممالک میں سامان منتقلی کے کام آئے گا۔

٭…٭…٭

٭ چین کے شہر شنگھائی میں تاریخی عمارت کو میکنیکل ٹانگیں لگا کر دوسری جگہ منتقل کردیا گیا چین کے شہر شنگھائی میں 1935ء میں تعمیر کی گئی پرائمری سکول کی عمارت کی جگہ نئی عمارت بنانے کا فیصلہ کیا گیا لیکن خواہش تھی کہ اس 5منزلہ تاریخی عمارت کو بھی محفوظ رکھا جائے۔ تاریخی عمارت کومحفوظ رکھنے کے لیے انتظامیہ نے عمارت کے نیچے میکنیکل ٹانگیں لگائیں۔

٭…٭…٭

٭سعودی عرب میںاب قدرتی ماحول کو نقصان پہنچانے اور درخت کاٹنے پر سخت سزائوں کا اعلان کیا گیا ہے ۔ یہ سزا 3کروڑ سعودی ریال ( تقریباً)127کروڑ پاکستانی روپے جرمانے کی صورت میں بھی لاگو کی جا سکتی ہے ۔ درختوںکا کاٹنے ، جڑی بوٹیوں ، نباتات اور پودوں کوجڑ سے اکھاڑنے ، پتوں اورتنوںکو نوچنے ، چیرنے اور چھیلنے ، انہیں منتقل کرنے اوران کی مٹی کو ہٹانے والے مجرموں کو زیادہ سے زیادہ سزا اور جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

٭…٭…٭

٭مصر کی پولیس نے ایک 57سالہ بھکاری خاتون کوگرفتار کیا ہے اورتفتیش سے معلوم ہوا کہ وہ 30لاکھ پائونڈ اور 5رہائشی عمارتوں کی مالک ہے، جعل ساز بھکارن کا بھانڈا اس وقت پھوٹا جب وہ اپنا کام ختم کر کے وہیل چیئر سے اتر کر پیدل گھر کے لیے روانہ ہونے لگی ، پولیس نے یہ منظر دیکھ لیا اور اسے گھر سے حراست میں لے لیا ۔ خاتون کٹی ہوئی ٹانگ کا بہانا بنا کر وہیل چیئر پر مختلف علاقوں میں بھی مانگتی تھی ۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ خاتون کو کسی قسم کی بیماری نہیں اوراس نے بھیک مانگ مانگ کر اثاثے بنا لیے ہیں ۔ اس کے بینک اکائونٹس میں 30لاکھ مصری پائونڈ ہیںاور وہ مختلف علاقوں میںموجود 5رہائشی عمارتوں کی مالک ہے ۔خبریںختم ہوئیں۔

٭…٭…٭

یہ ریڈیو نورستان ہے ۔ اس دعا کے ساتھ ہماری آج کی مجلس اپنے اختتام کو پہنچتی ہے ۔ اَللّٰھُمَّ اجْعَلْنِیْ مِمَّنْ تَوَکَّل عَلَیْکَٔ فَکَفَیٔتَہ‘ وَاسْتَھْدَاکَٔ فَھَدَیْتَہ‘ وَاسْتَنْصرَکَٔ فَنَصَرْتَہ‘۔اے اللہ ! مجھے ان لوگوں میں کردے جنھوںنے تجھ پر توکل کیا ، سو تو اُن کے لیے کافی ہو گیا اور انھوں نے تجھ سے ہدایت چاہی، سو تو نے انھیں ہدایت دی اور انھوں نے تجھ سے مدد چاہی ،سو تو نے انھیں مدد دے دی۔
پاکستان زندہ باد
نورستان پائندہ باد

٭…٭…٭

:شیئر کریں

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on linkedin
0 0 vote
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x