حفصہ سلیمان ۔ بہالپور
س: آپی ، آپ نے کبھی مہم جوئی کی ہے ؟
ج: ایک دن امی گھر نہیں تھیں تو میں نے کھانا بنایا تھا ۔ پہلے میں سمجھی کہ کھانا بنانا مہم جوئی ہے ۔ پھر جب وہ کھانا کھایا ، تو معلوم ہوا ہے کہ اصل مہم جوئی تو یہ تھی۔
٭…٭…٭
عامر وسیم ۔ حسن ابدال
س:جنت میں جانے کے لیے کیا کرنا چاہیے؟
ج: دوسروں کی زندگی کو جہنم بنانے سے گریز۔
٭…٭…٭
بلال زاہد ۔ کراچی
س: آپی ، لوڈ شیڈنگ نے زندگی عذاب بنا دی ہے ۔ اتنی شدید گرمی ہے کہ کچھ ڈھنگ سے سوچا بھی نہیں جاتا ان بجلی والوں کو خدا کا خوف نہیں ؟
ج: بالکل ہے ۔تبھی تو وہ ہمیں بھی قبر کا اندھیرا اورحشر کے دن کی گرمی یاد دلاتے رہتے ہیں۔
٭…٭…٭
ہادیہ انجم۔ سیالکوٹ
س: آپ کے خیال میں مہم جوئی کے کیا فائدے ہیں ؟
ج: مہم جوئی سے آپ کی صلاحیتوں کوجلا ملتی ہے ۔ آپ بہت کچھ سیکھتے ہیں ۔ علم میں اضافہ ہوتا ہے ۔ سوچ میں پختگی آتی ہے ۔ شرط یہ ہے کہ آپ ان صاحب جیسے مہم جو نہ ہوں۔
’’ ایک صاحب اپنے دوست کو بتا رہے تھے کہ انھوں نے دنیا کا ہر شہر دیکھ لیا ہے ۔ ہر ملک گھوما ہے ۔دنیا کے ہر حصے میں قیام کیا ہے ۔ پاس ہی ایک اور آدمی بھی یہ سب سن رہا تھا ۔ اس نے کہا : ’’ پھر تو آپ جغرافیہ بھی جانتے ہوں گے ۔‘‘ وہ صاحب بولے:’’ ہاں ، ہاں ۔ میںوہاں پورا ایک ہفتہ رہا ہوں ۔‘‘
٭…٭…٭
سلمان یوسف سمیجہ ۔ علی پور
س: ’’ نور‘‘ میں لکھنے والا کون سا لکھاری آپ کو سب سے زیادہ پسند ہے ؟ سچ سچ بتائیے گا۔
ج: ہمیں تو سب سے اچھی مدیرہ صاحبہ کی کہانیاں لگتی ہیں ۔( سمجھا کریں نا ں)
٭…٭…٭
محمد عثمان ۔ فیصل آباد
س: اگر کوئی آپ کودھوکا دے تو کیا خیال آتا ہے ؟
ج: یہی کہ کچھ لوگ اعتبار کے نہیں ، احتیاط کے لائق ہوتے ہیں۔
٭…٭…٭
عبیرہ سعید ۔جہلم
س: کیا چیز انسان کی قدر و قیمت بڑھاتی ہے ؟
ج: اس کا کردار ۔
’’ ایک دیہاتی نے شہر میں لوگوں کو فٹ بال کھیلتے دیکھا تو قریب کھڑے ایک بزرگ سے پوچھا :’’با باجی ! اس گیند کی کیا غلطی ہے جو سارے مل کر اسے لاتوں سے مار رہے ہیں ؟‘‘ بزرگ نے جواب دیا :’’ اس گیند کی سب سے بڑی غلطی یہ ہے کہ وہ اندر سے خالی ہے ورنہ کسی کی کیا مجال کہ اسے لاتوں سے مارے ۔‘‘
٭…٭…٭