۲۰۲۴ بتول فروریاوسٹیو پوروسِس ایک خاموش بیماری ہڈیوں کابھر بھرا پن ، وجوہات اوربچائو...

اوسٹیو پوروسِس ایک خاموش بیماری ہڈیوں کابھر بھرا پن ، وجوہات اوربچائو کے طریقے – ڈاکٹر ناعمہ شیرازی

اوسٹیوپوروسس کمزور اور بھر بھری ہڈیوںکی بیماری ہے۔ اس صورتحال میں ہڈیاں اس قدر کمزور ہو سکتی ہیں کہ معمولی جھٹکے جیسے کھانسی یا چھینکنے سے فریکچر تک ہو سکتا ہے ۔ خواتین میں یہ بیماری زیادہ عام ہے ۔ ضروری ہے کہ بچپن ہی سے اچھی خوراک اور ورزش کا اہتمام کیا جائے تاکہ ہڈیوں کے بھر بھرےپن سے بچا جا سکے۔اوسٹیوپوروسس میں ہڈیاںسب سے زیادہ عمومی طورپر متاثر ہوتی ہیں وہ ہیں(۱)کولہے کی ہڈی (Hip bone) (۲) کلائی کی ہڈی (Wrist bone)اور (۳)ریڑھ کی ہڈی (Spine bone)یہ بھر بھرا پن باقی ہڈیوں جیسے کہ بازو وغیرہ کی ہڈیوںکو بھی متاثر کر سکتا ہے ۔
اوسٹیو پوروسس کی علامات
شروع میںیا بالکل ابتدائی دور میںاتنی زیادہ علامات سامنے نہیںآتیں لیکن مرض کے بڑھنے کے ساتھ ساتھ مرض مختلف علامات کے ساتھ ظاہر ہوتا ہے ۔
(۱)کمر کی ہڈی میںدرد کارہنا backache
(۲) جھک کر چلنے کی تکلیف
(۳) بڑی عمر کے ساتھ ذرا سی تکلیف جیسے کہ کھانسی یا زیادہ چھینکنے سے ہڈی کا فریکچر ہو جانا۔
(۴) پائوںاورہاتھوں کےناخنوں کاکمزور پڑ جانا۔
(۵) مسوڑھوں کا کمزور ہوجانا۔
آئیے دیکھتے ہیںاوسٹیو پوروسس کے خطرے کے عوامل کیا ہیں۔
(۱) صنف(Gender)یہ بیماری عورتوںمیںمردوںکی نسبت زیادہ ہے۔
(۲)یہ بیماری Geneicبھی ہوتی ہے ۔ آریائی نسل کے لوگوں کواوسٹیو پوروسس کا خطرہ زیادہ ہے ۔ اگر والدین میں سے کسی ایک کو یادونوں کویاکسی بہن بھائی کو یہ مرض لاحق ہے تو آپ میںاوسٹیو پوروسس ہونے کارحجان زیادہ ہے ۔
(۳) جن خواتین اور مرد حضرات کا قد چھوٹا ہوتا ہے ان میں ہڈیوں کامادہ کم ہونے کی وجہ سے بڑھتی عمر کے ساتھ رسک بڑھ جاتا ہے۔
(۴) ہار مون کی سطح۔ عورتوںمیںکیونکہ ماہواری بند ہونے کی اوسط عمر 48سے 51سال ہے ،اس دوران ہارمونل تبدیلیوںکی وجہ سے جسم میںEstrogen Lavel( ہار مون یعنی ایک مادہ جو غدود سے نکل کر خون میںشامل ہوتا ہے ) کی مقدار کم ہو جاتی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ہڈیوںکی مضبوطی میں کمی ہونا شروع ہو جاتی ہے ۔
اگر کسی کے جسم میں گلے کے غدود سے نکلنے والا مادہ (Thyroid hormone) کی تعداد زیادہ ہے تو اس شخص میں ہڈیوں کا بھر بھرا پن زیادہ پایا جاتا ہے ۔
خوراک
خوراک کاتعلق براہ راست اوسٹیو پوروسس سے اس طرح ہے کہ جو لوگ کم کیلشیم والی غذا استعمال کرتے ہیں تو ان کی بون densityہڈیوںکی کثافت کم ہوتی ہے اوراس طرح اوسٹیو پوروسس اور فریکچر کا رسک زیادہ ہوتا ہے ۔
کھانے میںبے احتیاطی :(Eating disorder)
جومردو خواتین وزن کم کرنے کے لیے غیر متوازن غذا کا ذریعہ اپناتے ہیں یعنی Crashdietingکرتے ہیں ان میںاوسٹیو پوروسس کا رسک زیادہ ہوتا ہے ۔کچھ بیماریاںایسی ہوتی ہیں  Anorexia Bolimia میں انسان کا کھانے کو دل نہیں چاہتا جس سے کیلشیم کے ساتھ ساتھ باقی منرلز کی مقدار بھی کم ہوجاتی ہے اور اوسٹیو پوروسس کا رسک بڑھ جاتا ہے ۔
غیر متحرک طرز زندگی Sedentary Lifestyle
جو لوگ زیادہ تر اپنا وقت جاب کی نوعیت کی وجہ سے یا اپنے معمولات میںبیٹھ کروقت گزارتے ہیں، متحرک نہیںرہتے، ورزش یا سیر نہیں کر پاتے ان میں اوسٹیوپوروسس کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے ۔
سگریٹ نوشی
ریسرچ کے مطابق زیادہ سگریٹ پینے والے لوگوںمیںدیکھا گیا ہے کہ ہڈیاں کمزور ہوتی چلی جاتی ہیں۔
بچائو کا طریقہ
اب دیکھنا یہ ہے کہ ہم کن چیزوں کواپنا کر اوسٹیو پوروسس کا رسک کم کر سکتے ہیں ۔
سب سے ضروری چیزیہ ہے کہ اوائل عمر سے ہی متوازن غذا کے استعمال اور باقاعدہ ورزش سے صحت مند طرز زندگی اپنایا جاسکتا ہے اور اس بیماری سے کسی حد تک بچا جا سکتا ہے ۔ خوراک میں پروٹین ، گوشت ، انڈہ ہری سبزیاں اور خشک میوہ جات کااستعمال ہونا چاہیے وزن بہت کم ہونے سے بچنا چاہیے ۔ اسی طرح زیادہ وزن بھی مسئلے کا باعث بنتا ہے ۔
عورتوںاور مردوں کو اٹھارہ سے پچاس سال کی درمیانی عمرمیں 1000ملی گرام کیلشیم روزانہ استعمال کرنی چاہیے ۔ یہ مقدار 50سے 70سال کی عمر کے درمیان 1200ملی گرام پرچلی جانی چاہیے ۔ اچھی کیلشیم دودھ اورڈیری پروڈکٹس میں ملتی ہے۔ اس کے علاوہ ہری سبزیوں ،سویا پروڈکٹس میں بھی پائی جاتی ہے ۔کیلشیم کا ایک اچھا ذریعہ دلیہ Cerealsمیں جن میں اضافی کیلشیم شامل کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ Citrusپھل جیسے کہ مالٹے وغیرہ بھی کیلشیم کا اچھا ذریعہ ہیں۔
اگر کسی وجہ سے آپ اچھی غذا نہیں لے پا رہے یا آپ کے پاس موجودنہیںہے تو پھر آپ ڈاکٹر کے مشورے سے کیلشیم سپلیمنٹ استعمال کر سکتے ہیں۔
ایک اور اہم چیز یہ کہ ہمارے جسم میں وٹا من ڈی کی مقدار کا اچھا ہونا ضروری ہے ۔ یہ کیوںاتنی ضروری ہے اس بات کو سمجھ لینا چاہیے کہ یہ ہمارے جسم میں کیلشیم کو جذب کرنے میں ہماری مدد کرتی ہے ۔ سورج کی روشنی میں بھرپور وٹا من ڈی ملتی ہے ۔ اگرآپ بند گھروںمیںرہتے ہیںیا آپ کو موثر سورج کی روشنی میسر نہیں تو ڈاکٹر سے پوچھ کر وٹا من ڈی سپلیمنٹ استعمال کر سکتے ہیں اورکسی حد تک اوسٹیو پورو سس سے بچا جا سکتا ہے ۔
ورزش
آخر میں آپ جان لیں کہ ایک بہت ہی ضروری چیز جس سے اوسٹیو پوروسس سے بچا جا سکتا ہے وہ ہے مناسب ورزش ، جو جتنی جلدی عمر سے شروع کی جائے بہترہے ۔
ہڈیوں کا بھر بھراپن ایک ایسامرض ہے جس کا کوئی دائمی علاج نہیں لیکن بہتر طرزِ زندگی اورمناسب دوائیوں اورمتوازن غذا سے اس کے اثرات سے بچا جا سکتا ہے ۔ ہم اپنی روز مرہ کی زندگی میں متحرک رہیں ، بہتر خوراک لیں جس میں پروٹین ، کیلشیم اوروٹا من ڈی شامل ہو ، سگریٹ نوشی سے دور رہیںاور اس بیماری سے بچ جائیں۔٭

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here