اک ستارہ تھی میں – بتول دسمبر۲۰۲۲
پوّن سکول کی حالت بدلنے کے لیے بہت محنت کر رہی ہے ۔ مرمت کا کام بھی جاری ہے اور نئے داخلے بھی ہو رہے ہیں ۔ ایک دن میڈم بچوں کی خوب مار کٹائی کرتی ہیں۔ بعد میں معلوم ہوتا ہے وہ خود بھی شوہر کے تشدد کا شکار ہیں ۔پوّن بی بی کی شخصیت سے بہت متاثر ہے۔ جن کا کردار خاموش تبلیغ ہے ۔ وہ ان سے بہت کچھ سیکھ رہی ہے ۔ بی بی پون سے اس کے ماضی کے بارے میں کچھ نہیں پوچھتیں مگر بی بی کی بیٹی ان سے بالکل مختلف ہے ۔ وہ پون کے بارے میں ہر بات جاننا چاہتی ہے ۔
وہ بڑی دیر سے پودوںکے پاس کھڑی انھیں دیکھے جا رہی تھی ۔ ابھی دو تین دن پہلے تک تو وہ سر نیہوڑائے اُداس پژمردہ کھڑے تھے، ایسا لگتا تھا جان کنی کے عالم میں ہیں دوبارہ کبھی ہرے نہیں ہوں گے ۔ مگر آج اس نے دیکھا پتوں کی بند مٹھیاں دوبارہ کھل رہی تھیں جیسے ہاتھ بڑھا کربہاروںکو آواز دے رہے ہوں ۔
آئو ہمارے پاس آئو … ہم نے مایوسی اور اُداسی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے … ہم نے دوبارہ کھلنے اور مسکرانے کا فیصلہ کیا ہے…