ابتدا تیرے نام سے ۔ صائمہ اسما
قارئین کرام سلام مسنون
نیا سال خوش آئند ہے کہ اس کے پہلے مہینے میں غزہ میں جنگ بندی کی خوش خبری ملی۔ پندرہ ماہ سے اہلِ غزہ پر ٹوٹنے والی قیامت کا سلسلہ رکا، لاکھوں بے خانماں شہری اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں۔ یہ مناظر جہاں آنکھوں کے لیے بہار ہیں، جو فلسطینیوں کی خوشی دیکھنے کوترسی ہوئی ہیں،وہاں ایک بستے ہوئے شہر کو ملبے کا ڈھیر بنے دیکھنا بے حد تکلیف دہ بھی ہے۔ گھر کے نام پر ملبے کی طرف پلٹنا، جہاں اپنے ہی پیاروں کے لاشے دبے ہوئے ہیں، کس قدر اذیت ناک لمحات ہوں گے۔ مگر یہ وہ قوم ہے جس نے جانتے بوجھتے، پورے عزم کے ساتھ اس قربانی کے لیے خود کو تیار کیا ہے۔ غزہ کے لوگ انسانیت کے ماتھے کا جھومر ہیں، انسانیت کا اثاثہ اور فخر ہیں، زوالِ امت کے دور میں امت کا کفارہ دینے والے بے مثال لوگ،ایمان اور یقین کی بلندیوں پر فائز۔ مزاحمت، حوصلہ، شجاعت، صبرو استقلال، یک جہتی، جان و مال کی مصیبتوں پر صبر، مقصد سے عشق کا جیتا جاگتا نمونہ۔ انسانیت کی سطح سے انتہائی گرے ہوئے دشمن کے آگے بھی اپنے اصولوں پر استقامت سے جمے رہنے والے، انتہائی زیرک اور باریک…

