ملائشیا میں چند روز … مکالمہ، مباحثہ – ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی
کانفرنس، سیمینار اور سیر و تفریح بھی
ملائشیا میں چند روز… مکالمہ، مباحثہ، کانفرنس، سیمینار اور سیر و تفریح بھی’’کیا آپ ہماری کام یابی،خوشیوں میں شریک ہونے اور ہماری دو تین کانفرنسز میں بطور مہمان مقرّر ہمارے پاس ملائشیا آسکتی ہیں؟‘‘ہماری بہت ہی عزیز دوست اور ملائشیا کے صوبے، کلنتان کی ویمن ڈیویلپمنٹ کی وزیر ،حاجۃداتو ممتاز ناوی کا اصرار کے ساتھ دعوت نامہ اور فون آیا ۔اُن کا کہنا تھا کہ ’’ملائشیا میں ہماری اسلامی پارٹی کی، جسے عرفِ عام میں’’پاس‘‘ کہا جاتا ہے، پانچ صوبوں میں حکومت بن چُکی ہےاوریوں ہم سب سے بڑی پارٹی بن کر اُبھرے ہیں، تو کلنتان اور ترنگانو میں ’’خواتین اور علماء کانفرنسز‘‘ اور کوالالمپور میں ’’انٹرنیشنل مسلم ویمن یونین‘‘ کا اجلاس منعقد کررہے ہیں، جس میں آپ کی شرکت ہمارے لیے باعثِ افتخار ہوگی۔‘‘
ان کی محبّت و چاہت دیکھ کر ہم نے گھر اور پارٹی دونوں سے اجازت لی، تو امیر جماعت، سراج الحق صاحب کا اجازت نامے کے ساتھ حوصلہ افزائی سے بھرپور فون بھی آیا کہ ’’آپ حلقۂ خواتین، جماعت اسلامی اور ہمارا فخر ہیں کہ پوری دنیا میں اسلام اور پاکستان کی نمایندگی کرتی ہیں۔ہماری دُعائیں آپ کے ساتھ ہیں اور انقلاب کی جو لہریں تُرکیہ اور ملائشیا میں اُبھری…