ہائی وے ۸۰ – بتول اکتوبر۲۰۲۲
میرے پیارے
سلامِ محبت!
اس ہفتے کا یہ دوسرا خط کہ تمہیں خوشخبری بھی تو سنانی ہے۔ ابوالقاسم تمہیں اپنا پہلا پوتا بہت بہت مبارک ہو ۔
تمہارا پوتا بالکل تمہاری تصویر ہے۔ ملتے تو تم باپ بیٹا بھی ہو مگر اس کے ماتھے پر دائیں جانب ویسا ہی من موہنا تل ہے، جس نے یونیورسٹی میں مجھے تمہاری جانب ملتفت کیا تھا۔ اللہ کی شان، ڈی این اے کی بھی کیا کیا جادو گری ہے۔ اللہ نے میری گودمیں ہوبہو تماری تصویر مجسم کر دی ہے۔ بہو خیر سے گھر آ گئ ہے اور اس کے چہرے پہ پھیلے ممتا کے نور نے اسے مزید خوب صورت بنا دیا ہے۔ میں تو اسے نظر بھر کر دیکھتی بھی نہیں، سدا کی وہمی جو ہوئی۔ اب اس بات پر بھلا ہنسنے کی کیا ضرورت ہے؟
ہوتی ہے بھئ اپنی اپنی طبیعت اور تمہیں تو اچھی طرح سے علم ہے کہ مجھے نظر گذر سے کتنا ڈر لگتا ہے۔ قاسم نے دفتر سے ایک ہفتے کی چھٹی لے لی ہے اور بالکل تمہاری طرح بیٹے کو گود میں لے کر بیٹھا رہتا ہے۔ مجھے تو وہ پرانا، سہانا وقت یاد آ گیا۔
لو باتوں میں تمہیں پوتے کا نام تو بتایا ہی نہیں۔ تمہارے پوتے کا…