بتول میگزین ۔ رخسانہ شکیل
قربانی مادی اشیا میں اہم چیزیں وقت دولت مال ومتاع جسمانی صلاحیتیں اور زندگی شامل ہیں ۔مجرد اشیا میں اہم چیزیں رشتے ناطے خاندانی تعلقات ذاتی پسند نا پسند خیالات ترجیحات نقطہ نظر آرزوئیں تمنائیں آرام و راحت انا اور خود پسندی شامل ہیں۔
ہم اپنی محبوب اور قابل قدر اشیاء سے صرف انہی چیزوں کے لیے دستبردار ہو سکتے ہیں جو ہمیں ان سے زیادہ محبوب ہو ں،ان کی ہماری نظر میں قدر و قیمت بھی زیادہ ہو۔ وقت دولت زندگی اور اس طرح کی دوسری دیگر چیزیں قربان کرنا کوئی شک نہیں بڑا دشوار گزار کام ہے۔ ایسی قربانیوں کی ضرورت بالعموم کسی بحران یا آزمائش کے وقت پیش آتی ہے۔ مصیبت اور آزمائش کے اپنے تقاضے ہوتے ہیں جو انسان کے جذبات کو تحریک دے کر اس کی بہترین چیزیں باہر نکلواتی ہیں۔ ایسی قربانیاں ذاتی نوعیت کی قربانیاں ہوتی ہیں اپنی مرضی سے دی جاتی ہیں، ان قربانیوں سے باہمی تعلقات کا پیچیدہ جال نہیں الجھتا۔
اس کے برعکس مادی چیزوں کے مقابلے میں مجرد اشیا کی قربانی دینا زیادہ دشوار ہے۔ اکثر اوقات ان قربانیوں کو قربانی سمجھا ہی نہیں جاتا۔ ان قربانیوں کو صرف نظر کرنے اور نظر انداز کرنے کے امکانات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔…

